Thursday 27 May 2010

ایپل دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی

ایپل مائیکروسافٹ کو پچھاڑ کر دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی بن گئی ہے۔

یہ سنہ 1989 کے بعد پہلا موقع ہے کہ ایپل مائیکروسافٹ سے آگے نکلنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

بدھ کو بازارِ حصص میں آنے والی تبدیلیوں کے نتیجے میں ایپل کمپنی کی کل مالیت دو سو بائیس ارب امریکی ڈالر کے مساوی ہوگئی جبکہ سرمایہ کاروں نے مائیکروسافٹ کی حالیہ مالیت دو سو انیس ارب ڈالر لگائی ہے۔

کسی کمپنی کی مالیت جسے مارکیٹ کیپیٹلائزیشن کہا جاتا ہے اس کے تمام حصص کو ان کی قیمت سے ضرب دے کر حاصل کی جاتی ہے۔

بدھ کو بازارِ حصص میں اگرچہ ایپل کے حصص میں اعشاریہ چار فیصد کی کمی ہوئی لیکن اس کے ساتھ ہی مائیکروسافٹ کے حصص بھی چار فیصد کی شرح سے گرے۔

نوے کی دہائی میں مائیکروسافٹ نے انتہائی تیزی سے ترقی کے مدارج طے کیے تھے تاہم اس کے بعد سے اس کی بڑھوتری کی شرح اتنی تیز نہیں رہی ہے۔ تاہم اس کے باوجود آج بھی دنیا کے نوّے فیصد سے زائد ذاتی کمپیوٹرز میں مائیکروسافٹ کے ہی آپریٹنگ نظام نصب ہیں۔

ایپل کمپنی کی مالیت میں اضافہ سنہ 2001 میں کمپنی کی جانب سے آئی پوڈ میوزک پلیئر کی تخلیق کے مرہونِ منت سمجھا جاتا ہے۔ تاہم بعد ازاں آئی فون کی تخلیق بھی کمپنی کی مقبولیت میں اضافے کا سبب بنی ہے۔

ایپل کی دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی بننے کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ کے بعد رواں ہفتے میں ایپل کی تازہ ترین تخلیق آئی پیڈ ٹیبلٹ پی سی کو برطانیہ سمیت آٹھ ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ ماہ ایپل اپنے مشہورِ زمانہ آئی فون کا نیا ماڈل مارکیٹ میں لا رہا ہے۔

No comments:

Latest Science News

NASA Jet Propulsion Laboratory