امریکی خلائی ادارہ ناسا سورج اور اس کے پیچیدہ دائرہ عمل کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کرنے کے لیے نئی دوربین کا خلائی سفر تیز ہواؤں کے باعث ملتوی ہوگیا ہے۔
دوربین بدھ کوگرینیچ کے معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کے قریب اپنے سفر پر روانہ ہونے والی تھی۔ نئے اوقات کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔
خلائی دوربین سٹیشن یا آبزرویٹری پانچ برس تک خلا میں رہے گی۔ یہ سٹیشن چوبیس گھنٹے میں زمین کے گرد اپنا چکر مکمل کرے گا اور اس دوران تصاویر ناسا کو بھیجتا رہے گا جن کی مدد سے سائنسدانوں کو سورج کے گرد معمولی سے معمولی تفصیل کا پتہ چل سکے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ سورج پر رونما ہونے والی تبدیلیاں ہمارے نظام شمسی میں درجۂ حرارت اور توانائی کی سطحوں پر کیسے اثر انداز ہوتی ہیں۔ یہ تبدیلیاں جنھیں سائنسدان ’سپیس ویدر‘ کہتے ہیں کرۂ ارض کے مواصلات اور سیاروں کے سگنل اور توانائی فراہم کرنے والی لائنوں میں خلل ڈال سکتی ہیں۔